کھانا کم پڑنے پر باراتی ناراض،دلہا،دلہن کو شادی تھانے میں کرنا پڑ گئی

بھارت میں شادی کے دوران کھانا کم پڑنے پر باراتی ناراض،جوڑے کو شادی کی رسومات تھانے میں ادا کرنا پڑ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں ہونے والے ایک منفرد اور دلچسپ واقعے میں جوڑے کی شادی کی تقریب شروع تو روایتی انداز میں ہوئی لیکن ایسا کچھ ہوا کہ بقیہ رسومات تھانے میں ادا کرنا پڑیں۔
یہ واقعہ سورت شہر میں پیش آیا۔جہاں شادی کی ایک تقریب جاری تھی اورجیسے ہی دلہا پھولوں کا ہار دلہن کے گلے میں ڈالنے لگا، ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔
یہ ہنگامہ شادی کا کھانا ختم ہوجانے کے باعث ہوا یہاں تک کہ معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔دلہا کے خاندان والوں نے کھانے ختم ہونے پر شادی ہی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
دلہا اور دلہن کی التجائیں بھی کسی کام نہیں آئی۔چار و ناچار دولہا اوردلہن نے پولیس کو فون کیا اور صورت حال بتائی۔پولیس نے تصفیے کی کوشش میں ناکامی پرسب کو تھانے بلالیا۔دلہا اوردلہن تیار تھے اس لئے تھانے میں ہی شادی کی بقیہ رسومات ادا کروا دیں۔
دلہا کے ناراض اہل خانہ غصے میں تھانے سے باہر چلے گئے۔دلہا اپنی دلہن کو لے کر گھر والوں کو منانے تھانے سے روانہ ہوگیا۔
