بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تردید

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے دو روز قبل پشاور میں ہونےوالی میٹنگ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی تردید کر دی ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ ان کی آرمی چیف سے ملاقات نہیں ہوئی۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں مذاکرات ہوں،حکومتی حلقوں سے اس پر بات چیت چل رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کاکہنا تھاکہ بات چیت جاری ہے اور مذاکرات ہونےچاہئیں، بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلے گا۔
عمران خان کی 8مقدمات میں درخواست ضمانتیں سماعت کیلئےمقرر
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہےکہ آرمی چیف سے ہماری میٹنگ میں بیرسٹر گوہر موجود تھے،دن دیہاڑے میٹنگ میں موجودگی پر یہ کیسےکہہ سکتے ہیں کہ میں نہیں تھا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کاکہنا تھاکہ بیرسٹر گوہر میٹنگ میں موجودگی کی تردید کررہے ہیں تو اس کا ان سے پوچھیں۔
گورنر فیصل کنڈی سے سوال کیا گیاکہ کیا بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے الگ ملاقات ہوئی تھی؟ اس پر انہوں نے کہاکہ آرمی چیف سے بیرسٹر گوہر کی الگ ملاقات کا مجھے نہیں معلوم۔
فیصل کریم کنڈی کاکہنا تھاکہ امن و امان پر میٹنگ میں ہر ممبر نے اپنی رائے دی، بیرسٹر گوہر کی رائےکا احترام کرتا ہوں،کچھ چیزیں وہ نہیں بتارہے تو میں بھی نہیں بتاسکتا۔
