بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات خوش آئند ہے : عمران خان

عمران خان نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے پشاور میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ آرمی چیف سے ملاقات خوش آئند بات ہے،یہ پاکستان کےلیے اچھا ہے۔

اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں عمران خان نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی جس میں صحافیوں نے ان سے بیرسٹر گوہر اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات کے بارے میں سوال کیا جس پر عمران خان نے تردد کا اظہار کیا اور کہاکہ مجھے تفصیلات معلوم نہیں ہیں۔

بعد ازاں میں عمران خان نے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کی اور کہا کہ ’آرمی چیف سے ملاقات خوش آئند بات ہے،اگر کوئی بات چیت شروع ہوئی ہےتو یہ خوش آئند ہے یہ پاکستان کےلیے اچھا ہے،ہم چاہ رہےتھے مذاکرات ہوں،اس میں پاکستان کے استحکام کی بات ہوگی‘۔

عمران خان نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کو ہم سے بات کرنی چاہیے،میں نے کبھی نہیں کہاکہ مذاکرات بند ہیں،ہمیشہ بات چیت کاکہا،دوسری طرف سے دروازے بند تھے،اب اگر بات چیت شروع ہوئی ہےتو پاکستان کے ہی استحکام کےلیے بات ہوگی۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی تصدیق کرتےہوئے کہاکہ میری اور علی امین گنڈاپور کی آرمی چیف سے ملاقات علیحدگی میں ہوئی، آرمی چیف کےسامنے پی ٹی آئی کےتمام معاملات اور مطالبات رکھے ہیں،اپنے تمام مسائل آرمی چیف کے سامنے رکھےہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ آرمی چیف سے ملاقات میں ملکی استحکام کے حوالےسے تمام امور پر بات چیت ہوئی، ملاقات میں دوسری طرف سےبھی مثبت جواب ملا ہے، اسٹیبشلمنٹ سےبراہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں،امید ہے اب صورت حال بہتر ہو جائے گی۔

بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق

واضح رہےکہ چیئرمین تحریک انصاف یرسٹر گوہر نے گزشتہ روز آرمی چیف سے ملاقات کی تردید کی تھی۔

Back to top button