بیرسٹر گوہر نے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں شرکت عمران خان سے ملاقات سے مشروط کردی

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شرکت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ پارٹی کا مؤقف ہےکہ جوڈیشل کمیشن کے نئے قوانین اور 27 ویں آئینی ترمیم کےبعد اجلاس میں شرکت کا طریقہ کار واضح ہونے کےبعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین گزشتہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے کیوں کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر شدید تحفظات تھے،تاہم کمیٹی میں شامل ہونے کے باوجود پارٹی اپنا موقف پیش کرنے کےلیے تیار تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی حتمی فیصلہ ہوگا کہ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں کس انداز میں شرکت کی جائے، 27 ویں آئینی ترمیم اور نئی عدالت بننے کےبعد عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی اور یہ ملاقات اگلے اقدامات کی بنیاد ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن سپیکر قومی اسمبلی کے صوابدیدی اختیار میں تھا اور یہ نوٹیفکیشن اسی کی بنیاد پر جاری ہوا،ہماری کوشش تھی کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن ہو اور جو بھی یہ کروائے،بہتر ہوا،ہم سپیکر کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دیگر کمیٹیوں کی طرح جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے، تاہم عمران خان سے ملاقات کے بعد مستقبل میں شرکت کے حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔
