بیرسٹر گوہر نے علی امین گنڈا پور کیخلاف کارروائی کی باتوں کو من گھڑت قرار دیدیا

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا ہے کہ پارٹی نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کسی قسم کی تادیبی کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور سے متعلق کارروائی کی خبریں بے بنیاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات کی گنجائش نہیں، اسی لیے علی امین گنڈاپور سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ بیانات میں احتیاط برتیں۔
عمران خان کا علاج ذاتی ڈاکٹرسےنہ ہواتوحالات خراب ہوں گے،سہیل آفریدی
بیرسٹر گوہر کے مطابق علی امین گنڈاپور نے اپنے ویڈیو بیان میں معذرت کر کے بردباری کا مظاہرہ کیا ہے اور پارٹی کی توجہ کسی اندرونی تنازع کے بجائے بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر مرکوز رہنی چاہیے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ عوامی مقبولیت کے باوجود وہ عمران خان کو جیل سے رہا نہیں کرا پا رہے، جس پر انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ آیا نیت میں کوئی کمی ہے یا قیادت کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں انہوں نے اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو وہ معذرت خواہ ہیں، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ اب تک یہ مطالبہ بھی پورا نہیں ہو سکا کہ عمران خان کو ان کا ذاتی معالج فراہم کیا جائے۔
