عمران خان سے 3گھنٹے ملاقات،بیرسٹرسلمان صفدرنےصحت مندقرار دیدیا

بانی تحریک انصاف عمران خان سے ان کے وکیل بیرسٹرسلمان صفدر کی سپریم کورٹ کےحکم پرتین گھنٹے ملاقات ،سابق وزیراعظم کوصحت مند قرار دیدیا۔

ملاقات کے بعد بیرسٹر سلمان صفدر اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے اور میڈیا سے باضابطہ گفتگو نہیں کی، تاہم مختصر گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے۔

بیرسٹرسلمان صفدر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تک پوری رسائی دی گئی ہے، رپورٹ سپریم کورٹ میں داخل کرانے تک کچھ نہیں کہوں گا۔

اطلاعات کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر ملاقات کی تفصیلی رپورٹ کل سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کے ٹرائل کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے انہیں عدالتی نمائندہ مقرر کیا تھا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ سلمان صفدر جیل جا کر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حالتِ زار اور انہیں دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی تحریری رپورٹ پیش کریں۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ ملاقات میں سلمان صفدر کو کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے سلمان صفدر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی قسم کا مسئلہ ہو تو وہ براہِ راست عدالت سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان  سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کل سلمان صفدر ملاقات کے بعد رپورٹ پیش کریں، ہم رپورٹ دیکھ کر پرسوں سماعت کریں گے۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔

 

Check Also
Close
Back to top button