اسلام آباد دھرنے سے قبل حکومت نے عمران خان کی رہائی کی کوئی پیش کشن نہیں کی تھی : رانا ثنا اللہ

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کاکہنا ہےکہ اسلام آباد دھرنے سے قبل حکومت نے پی ٹی آئی کو عمران خان کی رہائی کی کوئی پیش کشن نہیں کی تھی۔

سینئر رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہمیشہ مذاکرات کی حمایت کی ہے،ہم جب اپوزیشن میں تھےاس وقت بھی چارٹر آف ڈیموکریسی کی پیش کش کی تھی۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے اب بھی یہی پیغام ہےکہ ہم کیوں حکومت سے رابطہ کریں، پی ٹی آئی نے مذاکرات کےلیے کمیٹی بنائی ہے لیکن ہمیں اب تک بات چیت کا کوئی پیغام نہیں دیاگیا،اگر پی ٹی آئی کی جانب سے پیغام آیا تو ہماری طرف سے انکار نہیں ہوگا۔

حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو عمران خان کی رہائی کی پیش کش سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ کاکہنا تھا کہ حکومت نے ایسی کوئی پیش کش نہیں کی تھی، فائنل کال سے پہلے پی ٹی آئی سے رابط کیا گیا تھا لیکن رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی تھی،ہم نے ان سے کہا تھاکہ ریڈ زون کی جگہ آپ کسی اور جگہ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرالیں لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو کن کی تنصیبات اور گھروں پر حملہ کیاگیا،یہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتےاور کیوں نہیں کہتےکہ ان سے غلطی ہوئی، یہ کہناکہ 9 مئی کو ہم نہیں مانتے،سب کچھ کرنےوالے وہ خود ہی تھے،یہ تو اور تلخی بڑھانے والی بات ہے۔

آئینی بینچ کی فوجی عدالتوں کو 9 مئی کے 85 ملزمان کو سزا سنانے کی اجازت

مولانا فضل الرحمٰن کے مدارس رجسٹریشن بل پر سخت مؤقف کےحوالے سے رانا ثنا اللہ کاکہنا تھا یہ بات ٹھیک ہےکہ 26 ویں ترمیم کے معاملےپر ہم نے مولانا فضل الرحمٰن کو مدارس رجسٹریشن بل کی منظوری کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن بعد میں ایک اور فریق سامنے آگیا،میرے خیال میں مدارس کی سوسائٹی ایکٹ یا وزارت تعلیم سے رجسٹریشن سےکوئی فرق نہیں پڑتا۔

وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا مدارس رجسٹریشن کےمعاملے پر ڈیڈ لاک والی کوئی بات نظر نہیں آ رہی،مدارس رجسٹریشن کا معاملہ بیٹھ کر سلجھایا جاسکتا ہے۔

 

Back to top button