بیگم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ کل اداکی جائےگی،ایازصادق پاکستان کی نمائندگی کریں گے

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے کل ڈھاکہ جائیں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں بتایا کہ سردار ایاز صادق بیگم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا طویل علالت کے بعد انتقال کرگئی ہیں، جن کی نماز جنازہ کل بروز بدھ نماز ظہر کے بعد ادا کی جائےگی۔
بیگم خالدہ ضیا بنگلہ دیش نہ صرف بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں بلکہ جنوبی ایشیا میں ان خواتین رہنماؤں میں شامل تھیں جنہوں نے سیاست میں اپنی الگ پہچان قائم کی۔
خالدہ ضیا کی ابتدائی زندگی سیاست سے دور تھی اور وہ ایک سادہ، گھریلو خاتون کے طور پر جانی جاتی تھیں، جن کی زندگی کا محور ان کا خاندان تھا۔
تاہم 1981 میں ان کے شوہر، سابق صدر اور فوجی سربراہ ضیاالرحمان کے قتل نے ان کی زندگی بدل دی اور وہ عملی سیاست میں آئیں، اور چند برسوں میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی قیادت سنبھال لی۔
پارٹی کی قیادت سنبھالتے ہی خالدہ ضیا نے غربت کے خاتمے، اقتصادی بہتری اور جمہوری اقدار کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔ 1990 میں انہوں نے شیخ حسینہ کے ساتھ مل کر فوجی آمر حسین محمد ارشاد کے خلاف تحریک میں اہم کردار ادا کیا، جس سے ملک میں جمہوریت بحال ہوئی۔ ابتدا میں دونوں رہنماؤں کا مقصد مشترک تھا، مگر اقتدار کی سیاست نے جلد ہی انہیں ایک دوسرے کا سخت سیاسی حریف بنا دیا۔
1991کے عام انتخابات میں خالدہ ضیا غیر متوقع کامیابی کے ساتھ وزارت عظمیٰ سنبھالیں اور بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنیں۔ پہلے دور حکومت میں انہوں نے صدارتی نظام کا خاتمہ کر کے پارلیمانی نظام نافذ کیا، پرائمری تعلیم کو مفت اور لازمی بنایا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے معیشت کو فروغ دیا۔
