ملتان سلطانز کی مینجمنٹ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی مینجمنٹ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے، جہاں رمیز راجہ کو سربراہ جبکہ کوچنگ اسٹاف میں عبدالرزاق، مشتاق احمد اور توفیق عمر کو شامل کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو سے تین مزید سابق کرکٹرز سے بھی  رابطے کیے ہیں تاکہ ملتان سلطانز کی انتظامیہ اور کوچنگ سٹاف کو حتمی شکل دی جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالرزاق کو ہیڈ کوچ، مشتاق احمد کو اسسٹنٹ کوچ جبکہ توفیق عمر کو بیٹنگ کوچ کی پیشکش دیے جانے کا امکان ہے۔

ملتان سلطانز کی مجوزہ مینجمنٹ اور کوچنگ سٹاف کی حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دیں گے، جس کے بعد اس کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

عبدالرزاق اس سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاور ہٹنگ کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، جبکہ توفیق عمر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد بھی ماضی میں ملتان سلطانز کے ساتھ بطور اسپن کنسلٹنٹ کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں ایک سال کے لیے ملتان سلطانز کے تمام انتظامی معاملات پی سی بی خود سنبھالے گا، جس کے بعد فرنچائز کو نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔

ملتان سلطانز کے مالک علی ترین پی ایس ایل رینیول لیٹر موصول نہ ہونے پر فرنچائز سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔ انہوں نے پی ایس ایل مینجمنٹ پر شدید تنقید بھی کی تھی اور قانونی نوٹس کی کاپی بھی پھاڑ دی تھی۔

پی ایس ایل 11 کا آغاز مارچ میں متوقع ہے، جس میں دو نئی ٹیموں کی خریداری کے لیے دس فریقین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ فرنچائزز کی نیلامی کی تقریب 8 جنوری کو جناح اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔

Back to top button