پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑااضافہ

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑااضافہ کردیا۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 272 روپے 15 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 284 روپے 35 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور درآمدی اخراجات میں اضافے کے سبب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث مہنگائی کا شکار عوام پر مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ 16 جولائی سے شروع ہونے والے پندرہ روزہ دورانیے میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 5 روپے 25 پیسے اور 6 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہے۔

مزید بتایا گیا تھا کہ پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 2 فیصد اضافے کے بعد یہ 272 روپے 4 پیسے فی لیٹر تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2.5 فیصد اضافے کے بعد یہ 279 روپے 48 پیسے فی لیٹر ہو سکتی ہے، تاہم ان قیمتوں کا حتمی فیصلہ حکومتی منظوری سے مشروط ہوگا۔

واضح رہے کہ پیٹرول عام طور پر موٹر سائیکل، رکشہ اور نجی گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں اضافے کا براہِ راست اثر متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے گھریلو بجٹ پر پڑتا ہے۔

Back to top button