’’بگ باس‘‘ فیم مہہ جبیں صدیقی نے شوبز دنیا کیوں چھوڑی؟

انڈیا کے معروف رئیلٹی شو بگ باس سے شہرت حاصل کرنے والی خوبصورت مہہ جبیں صدیقی سو چوہے کھانے کے بعد دین کے رنگ میں ایسی رنگیں کہ انہوں نے شوبز کی چکاچوند روشنیوں کو چھوڑ دیا اور خود کو دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیا ہے۔ مہہ جبیں صدیقی نے حال ہی میں مذہب اسلام کی خاطر شوبز سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ باقی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزاریں گی اور اپنے ماضی کے گناہوں پر خدا سے معافی بھی مانگی۔
مہہ جبیں صدیقی کی جانب سے 19 فروری کو انسٹا گرام پوسٹ میں بتایا گیا کہ وہ سابق بگ باس کانٹیسٹنر اور اداکارہ ثنا خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اب ہمیشہ ہی حجاب کریں گی، اداکارہ نے لکھا کہ وہ گزشتہ دو سال سے ثنا خان کو فالو کر رہی ہیں اور انہیں اب سمجھ آگئی کہ وہ باقی زندگی حجاب میں گزاریں گی، اداکارہ نے پوسٹ میں اعتراف کیا کہ وہ دو سال سے پریشان تھیں، انہیں یہ بات سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ انہیں سکون کیسے ملے گا؟
اداکارہ نے پوسٹ میں لکھا کہ انسان جب گناہ کرتا ہے تو اس کی لذت تو کچھ دیر میں ہی ختم ہو جاتی ہے مگر اس کا گناہ تا قیامت رہتا ہے، مہہ جبیں صدیقی نے لکھا کہ گزشتہ دو سال کے دوران محسوس کیا کہ وہ اپنی اصل زندگی کو چھوڑ کر دکھاوے کی زندگی گزار رہی تھیں، جس میں بے سکونی تھی اور وہ پریشان رہتی تھیں۔
اسد خٹک کا وینا ملک کی جانب سے صلح کیلئے رابطہ کا دعویٰ
ماڈل و اداکارہ نے لکھا کہ دنیا میں چاہے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے انہیں کتنا بھی وقت دیا جائے، مگر وہ کبھی بھی کسی دوسرے کی قدر نہیں کرتے، مذہب اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہنے والی اداکارہ نے لکھا کہ خدا کی نافرمانی کر کے کسی کو بھی سکون نہیں ملتا، اچھائی اسی میں ہے کہ سکون حاصل کر کے خدا کی عبادت کی جائے۔
مہہ جبیں صدیقی نے لکھا کہ انہیں خدا کی عبادت کر کے سکون ملا اور وہ انہیں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتیں، انہیں سب سے زیادہ سکون نماز پڑھنے میں ملا، واضح کیا کہ وہ بھی اداکارہ ثنا خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمیشہ پردہ کریں گی اور ساتھ ہی خدا سے اپنے گناہوں کی معافی بھی مانگی۔
مہہ جبیں صدیقی نے شوبز سے کنارہ کشی کے اعلان سے قبل ہی انسٹا گرام سے اپنی تمام بولڈ تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی تھیں اور 2019 میں ہی حجاب کے ساتھ تصاویر لگانا شروع کی تھیں۔ مہہ جبیں صدیقی نے سال 2020 میں ہی انسانی خدمت کرنے کی غرض سے شوبز سے علیحدگی اختیار کی تھی مگر اب واضح طور پر مذہب اسلام کی خاطر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو خدا حافظ کہہ دیا۔ مہہ جبیں صدیقی ماضی میں بولڈ لباس کی وجہ سے خبروں میں رہتی تھیں، ان کی طرح دیگر متعدد بھارتی مسلمان اداکاراؤں نے بھی مذہب اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہا ہے، ان سے قبل ثنا خان اور زائرہ وسیم جیسی اداکاراؤں سمیت دیگر شخصیات نے بھی مذہب کی خاطر شوبز کو چھوڑا تھا۔
