کراچی میں بلاول بھٹو نے 35 ویں نیشنل گیمز کا افتتاح کردیا

کراچی میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے 35 ویں نیشنل گیمز کا افتتاح کردیا، ارشد ندیم نے مشعل روشن کی۔
نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے آئے ہزاروں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سربراہ عارف سعید نے کہا کہ نیشنل گیمز میں شرکت کرنا ہر ایتھلیٹ کیلئے فخر کی بات ہوتی ہے، انہوں نے سندھ کے جانب سے اقدامات کی تعریف کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی میں ہونیوالے نیشنل گیمز کو مثالی اور یادگار ایونٹ بنائے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیشنل گیمز میں آج حصہ لینے والے ایتھلیٹس کل پاکستان کیلئے سٹار میڈل ونرز بنیں گے ۔
مہمانان کے خطاب کے بعد کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا، سب سے پہلے دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی اور سب سے آخر میں میزبان سندھ کے ایتھلیٹس سلامی کے چبوتر کے سامنے سے گزرے۔
ان کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ نیشنل گیمز میں نمایاں پرفارمنس کیلئے پرعزم ہیں۔
نیشنل گیمز کے باضابطہ آغاز کے اعلان سے قبل اولمپیئن قمر ابراہیم گیمز کی ٹارچ لے کر اسٹیڈیم پہنچے جو سمیر حسین، نسیم حمید، سعدی عباس اور اصلاح الدین سے ہوتی ہوئی ارشد ندیم تک پہنچی اور ارشد ندیم نے گراونڈ کا چکر لگاکر نیشنل گیمز کی معشل کو روشن کیا۔
مشعل روشن کیے جانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے باضابطہ طور پر گیمز کے آغاز کا اعلان کیا۔ نیشنل گیمز 13 دسمبر تک کراچی کے مختلف وینیوز پرجاری رہیں گے۔
