بلاول نے قومی سلامتی کمیٹی پر فوج سے وضاحت طلب کرلی

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دفتر خارجہ اور وزارت دفاع سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر واضح کریں کیا قومی سلامتی کمیٹی میں 197 ممبران کو غدار قرار دیا گیا؟
چیئرمین پیپلزپارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم اپنی بغاوت کو جواز دینے کیلئے بیرونی سازش کا واویلا کر رہے ہیں، سازش کو انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ذریعے بے نقاب ہونا چاہئے، عمران خان کی انا پاکستان سے زیادہ اہم نہیں۔
ExPM IK is using ‘foreign conspiracy’ to justify his coup. Will @OfficialDGISPR clarify did NSC meeting declare the 197 members of NA traitors and part of a foreign plot? Can foreign office or defense ministry produce any official correspondence between 7-27th on foreign sazish.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) April 4, 2022
قبل ازیں بلاول بھٹو نے کہا کہ کل قومی اسمبلی میں آئین کو توڑا گیا، تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کو ہٹانے کا جمہوری طریقہ تھا، وزیراعظم کو اندازہ نہیں کہ ہوا کیا ہے، جمہوری عمل کو سبوتاژ کیا گیا، آئین کا دفاع ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے، کارکن جشن منا رہے ہیں کہ عمران خان کی حکومت ختم ہوگئی، ہمیں آئین کو توڑے جانے پر زیادہ تشویش ہے۔
حکومت نے ہمارے دبائو میں خودکشی کر لی
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم نے عدم اعتماد کے ذریعے حکومت کا جینا حرام کیا، یہ اپنی حکومت ختم ہونے پر جشن منا رہے ہیں، ہم جمہوریت اور آئین کا تحفظ کرنیوالے ہیں، اپنی انا کی وجہ سے عمران نیازی نے یہ سب کیا، عدم اعتماد سے پہلے مستعفی ہو کر جمہوری عمل مکمل کیا جاسکتا تھا، عوام فیصلہ کریں عمران خان کی انا اہم یا آئین۔ بلاول بھٹو نے معاملے پر فل کورٹ بنچ تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا۔
