پولیو کے خاتمے کیلئےبل گیٹس کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہناہےکہ پاکستان سے پولیو کےخاتمے کیلئےبل گیٹس کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھاجائے گا۔
شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں میں پاکستان میں انسدادِ پولیو کی کوششوں اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے، اس کے لیے مؤثر ٹیم کے ساتھ کام جاری ہے۔
شہبازشریف کاکہناہے کہ پاکستان میں پولیو کے مکمل سدباب تک بل گیٹس فاؤنڈیشن جیسے قابلِ اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے بل گیٹس کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس ضمن میں مسلم برادر ممالک خصوصاً سعودی عرب کے تعاون پر بھی پاکستان شکر گزار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت جامع حکمت عملی اور مؤثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، خاطر خواہ کامیابیوں کے باوجود اس بیماری کے خلاف جنگ میں ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت پولیو ٹیموں کی ملک بھر میں رسائی یقینی بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت کام کر رہی ہے اور انسدادِ پولیو سے متعلق منصوبے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے وفاقی وزارتِ صحت کو ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو، عوامی آگاہی اور ویکسین کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سفارشات مرتب کی جائیں۔
