گریمی میں بلی ایلش کا اعزاز، اسٹیج پر سیاسی بیان موضوعِ بحث بن گیا

لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی 68ویں گریمی ایوارڈز کی تقریب میں معروف امریکی گلوکارہ بلی ایلش نے اپنے گانے “WILDFLOWER” پر سونگ آف دی ایئر کا اعزاز اپنے نام کیا، تاہم ایوارڈ جیتنے سے زیادہ ان کی اسٹیج پر کی گئی سیاسی گفتگو موضوعِ بحث بن گئی۔

بلی ایلش اپنے بھائی اور شریک مصنف فِنیاس او کونل کے ساتھ اسٹیج پر آئیں اور سب سے پہلے ریکارڈنگ اکیڈمی اور دیگر نامزد فنکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ “چوری شدہ زمین پر کوئی بھی غیر قانونی نہیں ہوتا”—ایک جملہ جس نے تقریب میں موجود افراد اور سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں درست الفاظ کا انتخاب مشکل ہو جاتا ہے، لیکن اس ہال میں انہیں امید کی جھلک نظر آتی ہے۔ بلی کے مطابق لوگوں کو خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ بولتے رہنا، آواز بلند کرنا اور احتجاج جاری رکھنا ضروری ہے کیونکہ عوام کی آواز واقعی اثر رکھتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی امیگریشن ادارے ICE پر بھی سخت تنقید کی، جس پر حاضرین کا ردِعمل مختلف رہا۔

بلی ایلش اور فِنیاس او کونل ماضی میں بھی ICE اور موجودہ امریکی حکومت کے خلاف کھل کر اظہارِ خیال کرتے رہے ہیں۔ حال ہی میں بلی نے انسٹاگرام پر امریکی شہری الیکس پریٹی کی ہلاکت سے متعلق پوسٹس شیئر کیں، جو 24 جنوری کو ICE اہلکاروں کی فائرنگ سے جان سے گئے تھے۔ اسی دوران انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا دیگر معروف شخصیات اس معاملے پر آواز اٹھائیں گی یا نہیں۔

بسنت کیلئےگلوکار عمران ہاشمی کا نیا گانا ریلیز

انہوں نے فِنیاس کی ایک ویڈیو بھی انسٹاگرام اسٹوریز میں شامل کی جس میں انہوں نے سرکاری مؤقف پر تنقید کی۔ ویڈیو میں فِنیاس کا کہنا تھا کہ اکثر ایسے واقعات کو آئینی حقوق کے نام پر درست قرار دیا جاتا ہے، مگر الیکس پریٹی کے معاملے میں صورتحال مختلف تھی کیونکہ وہ زمین پر پڑا ہوا تھا، اس نے کوئی ہتھیار نہیں نکالا تھا، اس کے باوجود اس پر فائرنگ کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بلی ایلش نے ایک اور ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ICE اور حکومت پر شدید تنقید کی تھی۔ اس تقریر میں انہوں نے کہا تھا کہ لوگ اپنے پڑوسیوں کو اغوا ہوتے دیکھ رہے ہیں، پرامن مظاہرین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہری آزادیوں کو محدود کیا جا رہا ہے، ماحولیاتی بحران کے حل کے بجائے وسائل فوسل فیول پر خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ صحت اور خوراک جیسی بنیادی سہولتیں صرف امیر طبقے تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ انتظامیہ نہ ماحول کے تحفظ کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کمیونٹیز کے تحفظ کو، جس کے باعث عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

گریمی مقابلے میں بلی ایلش نے لیڈی گاگا، ڈوئچی، روزے اور برونو مارس، بیڈ بنی، کینڈرک لامر اور سبریینا کارپنٹر جیسے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

Back to top button