بیٹی کواٹھائے سٹیڈیم آنے پرمداحوں کا بسمہ معروف خراج تحسین

نیوزی لینڈ کے شہرترانگا میں ویمن ورلڈ کپ 2022 کے پہلے میچ کے موقع پرقومی کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کی اپنی کم سن بیٹی کو گود میں اٹھائے سٹیڈیم میں داخل ہونے کی تصاویر وائرل ہو گئیں،ٹوئیٹر پر شیئر کی گئیں تصاویرکو ان کے مداحواں نے خوب سراہا اوران کی تعریفیں کیں.

میچ سے قبل جب قومی ٹیم کے ارکان سٹیڈیم پہنچے تو کپتان بسمہ معروف کو اپنی کم سن بیٹی کے ہمراہ ساتھی کرکٹر کے ساتھ میدان میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔پی سی بی اور آئی سی سی نے بھی بسمہ معروف کی بانہوں میں بیٹی کو تھامنے کی تصاویر شیئر کیں، جس پر لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں.اپنی پانچ ماہ کی بیٹی کو گود میں لیے اسٹیڈیم میں روایتی حریف کے ساتھ مقابلے کے لیے آنے والی بسمہ معروف کی تصاویر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر کے لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں اور انہیں طاقتور خاتون قرار دیا.

ایک صارف نے بسمہ معروف کی تصویر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ قومی ٹیم کی کپتان کی تصویر ان افراد کے لیے واضح مثال ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ خواتین پروفیشنل اور گھریلو ذمہ داریاں ایک ساتھ نبھا نہیں سکتیں۔ایک مداح نے لکھا کہ قومی ٹیم کی کپتان نے لوگوں کے دل فتح کرلیے اور ساتھ ہی لکھا کہ کیا ہی اچھا ہوتا اگر بچی کو ان کے والد سنبھالتے۔

کرکٹ کمنٹیٹر عاطف نواز نے بسمہ معروف کی بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے جذباتی پیغام میں کہا ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ بسمہ معروف کی میراث کامیابیوں میں ان سے بھی آگے جائیں گی اور یہ بھی ثابت ہوتا کہ خواتین بیک وقت کیریئر اور خاندان کو بیک وقت بھی حاصل کر سکتی ہیں۔

بسمہ معروف کی ایک اور مداح نے لکھا کہ کبھی کسی نے کسی مرد کرکٹر کوایسی تصویر کے ساتھ نہیں دیکھا ہوگا؟ کیوں کہ صرف خواتین ہی بیک وقت بہت ساری ذمہ داریاں ادا کرتی ہیں۔اسپورٹس جرنلسٹ جارجی ہیتھ نے بھی ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بسمہ معروف کی تصویرسے ثابت ہوگیا کہ خواتین طاقتورانسان ہوتی ہیں
خیال رہے کہ بسمہ معروف کے ہاں 30 اگست کو پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، انہوں نے دسمبر 2018 میں شادی کی تھی۔

Back to top button