پاکستان سے جنگ ہارنے کے اعتراف پر کانگریس رہنما کے بیان سے بی جے پی برہم

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس کے سینئر رہنما اور مہاراشٹرا کے سابق وزیرِ اعلیٰ پرتھوی راج چوہان کے بھارتی فضائیہ اور ’آپریشن سندور‘ سے متعلق بیانات پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی ’بھارتی مسلح افواج سے نفرت کرتی ہے‘۔
پرتھوی راج چوہان، جنہوں نے مراٹھی زبان میں گفتگو کی، پونے میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے بڑی فوج برقرار رکھنے کی ضرورت پر سوال اٹھایا اور کہا کہ مستقبل کی جنگیں فضائی محاذ پر لڑی جائیں گی۔
’آپریشن سندور‘ سے متعلق پرتھوی راج چوہان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی دن بھارت کو مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق سات مئی کو ہونے والی فضائی جھڑپ، جو محض آدھے گھنٹے تک جاری رہی، میں بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس دوران بھارتی طیارے مار گرائے گئے اور صورتحال کے باعث پوری بھارتی فضائیہ کو گراؤنڈ کرنا پڑا۔
پرتھوی راج چوہان کا کہنا تھا کہ گوالیار، بھٹنڈہ یا سرسا سے جب بھی کوئی طیارہ اڑتا، اسے پاکستان کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کا خطرہ لاحق ہوتا، جس کے باعث فضائی آپریشن معطل کر دیے گئے۔
بی جے پی کے ترجمان شہزاد پونا والا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں پرتھوی راج چوہان کے ان بیانات کو حیران کن اور متنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی بھارتی مسلح افواج کی توہین کو اپنی سیاست کا حصہ بناتی رہی ہے۔
واضح رہے کہ پرتھوی راج چوہان نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے سے مکینیکل انجینئرنگ میں گریجویشن کیا۔ انہوں نے امریکا میں اینٹی سب میرین وارفیئر سے متعلق طیارہ جاتی آلات اور آڈیو ریکارڈرز کی ڈیزائننگ کے شعبے میں بھی کام کیا۔ بعد ازاں وہ 1974 میں بھارت واپس آئے اور بطور کاروباری شخصیت اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
بعد میں راجیو گاندھی سے ملاقات کے بعد وہ سیاست کی طرف مائل ہوئے اور عملی سیاست میں قدم رکھا۔
