امریکا میں برفانی طوفان، 10 ہزار پروازیں منسوخ

امریکا کے بڑے حصے میں شدید سرمائی طوفان کے باعث تقریباً 10 ہزار پروازیں منسوخ کردی گئیں، جبکہ برف، ژالہ باری اور خطرناک حد تک کم درجہ حرارت نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔
امریکی ریاستوں میں طوفان کے نتیجے میں بجلی کی طویل بندش، سڑکوں پر شدید پھسلن اور سفری نظام درہم برہم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
امریکا کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق نیو میکسیکو سے نیو انگلینڈ تک تقریباً 14 کروڑ افراد، جو امریکا کی 40 فیصد سے زائد آبادی بنتے ہیں، سرمائی طوفان کی وارننگ کی زد میں ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مشرقی ٹیکساس سے نارتھ کیرولائنا تک شدید برفباری اور تباہ کن برفانی پٹی کی پیشگوئی کی ہے۔
ٹیکساس ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن نے ڈیلاس کے نواحی علاقوں میں برف سے ڈھکی شاہراہوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی۔
محکمے کی جانب سے کہا گیا کہ ’یہ ہو رہا ہے، ہم واقعی چاہتے ہیں کہ لوگ گھروں میں رہیں اور اس طوفان کے دوران غیر ضروری سفر نہ کریں‘۔
مسسی سیپی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ریاست کے ایک تہائی اضلاع میں سڑکوں اور پلوں پر برف جم چکی ہے، جبکہ آرکنساس کے دارالحکومت لٹل راک میں بھی ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ برفانی علاقوں میں ہونے والا نقصان بعض مقامات پر سمندری طوفان کے برابر ہو سکتا ہے۔
