بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر انتقال کر گئے

بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر کا انتقال ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں ہوا ۔ ان کے گھر کے باہر متعدد بالی وڈ اداکار ان کی فیملی سے اظہار افسوس کیلئے  موجود تھے ۔

معروف فلم ساز کرن جوہر نے انسٹاگرام پر دھرمیندر کی موت کی تصدیق کی اور انہیں یادگار اور قابلِ احترام شخصیت قرار دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھرمیندر کو دو ہفتے قبل سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جبکہ رواں سال اپریل میں ان کی آنکھ کی سرجری بھی کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ان کی آخری فلم ‘جوہر’ ہے، جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ دھرمیندر نے اپنے کیریئر کا آغاز 1960 میں فلم ‘دل بھی تیرا ہم بھی تیرے’ سے کیا اور 2012 میں انہیں حکومت ہند کی جانب سے ہندوستان کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا۔

دھرمیندر نے چھ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں متعدد یادگار فلمیں کیں، جن میں ‘شعلے’، ‘یادوں کی بارات’، ‘میرا گاؤں میرا دیش’، ‘نوکر بیوی کا’ اور ‘پھول اور پت’ شامل ہیں۔

ان کا تعلق پنجاب کے لدھیانہ سے تھا اور ان کا اصل نام کرشن دیول تھا۔ انہوں نے 19 سال کی عمر میں پرکاش کور سے شادی کی، اور بعد ازاں اداکارہ ہیما مالنی سے محبت کے بعد شادی کی۔

89 سال کی عمر میں بھی دھرمیندر سوشل میڈیا پر سرگرم رہے اور اکثر صحت مند زندگی اور سادہ زندگی کے اسباق شیئر کرتے رہے۔ انسٹاگرام پر ان کی ویڈیوز میں انہیں ٹریکٹر چلانے، فارم کی دیکھ بھال کرنے اور مداحوں کو کاشتکاری کے مشورے دیتے ہوئے دیکھا گیا۔

Back to top button