بسنت پر حکومت اور عوام دونوں کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاکہناہے کہ بسنت صرف ایک علاقائی یا صوبائی تہوار نہیں بلکہ یہ پاکستان کے مثبت، ترقی پسند اور ثقافتی چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ہے، جس کے لیے حکومت اور عوام دونوں کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔
مریم نواز کابسنت کے حوالے سےپریزنٹیشن دیتے ہوئےکہنا تھا کہ بسنت محض ایک فیسٹیول نہیں بلکہ ایک اجتماعی جذبہ ہے جسے عوام نے غیر معمولی جوش کے ساتھ اپنایا ہے۔ ان کے مطابق اس تہوار کی بین الاقوامی حیثیت بھی ہے اور دنیا بھر میں لوگ اسے دیکھتے اور مناتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے کلچر کو دنیا میں متعارف کرانے اور پاکستان کی ایک ترقی پسند تصویر دکھانے کے لیے بسنت سے بہتر موقع شاید ہی کوئی اور ہو۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بسنت کے انعقاد کے لیے نہایت باریک بینی سے سیکیورٹی پروٹوکولز اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز تیار کیے گئے ہیں۔ مریم نواز کے مطابق اس سال بسنت کو لاہور تک محدود رکھا جائے گا تاکہ اسے ایک پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جانچا جا سکے۔ اس تجربے کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا اسے دیگر شہروں تک بڑھایا جا سکتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فول پروف انتظامات کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خود کو پنجاب کی ماں، بہن اور بیٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسے گھر میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ خوشگوار ماحول قائم رکھیں، اسی طرح حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ عوام کے لیے ایسا ماحول بنائے جس میں وہ خود کو محفوظ اور خوش محسوس کریں۔
