امریکا،مقابلے کے دوران باکسر کی وِگ اکھڑ گئی

امریکی باکسر جیرل مِلر نے ہفتے کے روز نیو یارک شہر میں اپنا ہیوی ویٹ مقابلہ مشکل سے جیت لیا لیکن اس سنسنی خیز میچ کے دوران وہ اپنی وِگ کی پکڑ ڈھیلی ہوجانے کی وجہ سے گنوا بیٹھے۔
میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والے مقابلے میں مخالف باکسر کنگسلے آئیبی کی جانب سے لگاتار گھونسوں کی بوچھاڑ کے سبب جیرل کے سر پر لگا ان کا ہیئر پیس سامنے سے اکھڑنے لگا۔
راؤنڈ کے اختتام پر جب انہیں اندازہ ہوا کہ وِگ اپنی جگہ سے ہٹ چکی ہے تو 37 سالہ باکسر مسکرا دیے اور اسے اٹھا کر تماشائیوں کی طرف اچھال دیا۔
اگرچہ سخت مقابلے کے دوران ان کو بالوں سے ہاتھ دھونا پڑا، لیکن حوصلہ برقرار رکھا اور اسپلٹ ڈیسیژن کے ذریعے فتح اپنے نام کر لی۔
بالوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے باکسر کا کہنا تھا کہ اپنی والدہ کے گھر پر بلیچ والے شیمپو سے بال دھونے کے بعد ان کے بال جل گئے تھے، جس کے باعث انہیں ہنگامی طور پر ٹوپی نما وِگ لگوانی پڑی۔
