برطانوی شہری نےکینسر کے مریضوں کیلئےوِگ بینک قائم کردیا

برطانوی شہری نے مرحوم اہلیہ کی آخری خواہش پر کینسر کے مریضوں کے لیے وِگ بینک قائم کر دیا۔
بی بی سی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہری ڈیویڈ ڈنزڈیل کی اہلیہ، جینے ڈنزڈیل، کا رواں برس اپریل میں انتقال ہوا۔ وہ کئی برس سے ایسٹ ڈرہم میں کینسر سے متاثرہ افراد کی معاونت کے لیے سپورٹ گروپ چلا رہی تھیں اور ان کی خواہش تھی کہ ایسے مریضوں کو وِگز فراہم کی جائیں جو کیموتھراپی کے دوران اپنے بالوں سے محروم ہو جاتے ہیں۔
ڈیویڈ نے اپنی بیوی کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے’وِگ بینک‘ کے نام سے ایک ہفتہ وار سہولت شروع کی ہے، جہاں مریض صرف 15 پاؤنڈ کی قابلِ واپسی رقم پر وِگ حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ سہولت ڈرہم کے علاقے ویٹلے ہل میں واقع ویٹلے ہاؤس میں فراہم کی جارہی ہے۔
ڈیویڈ نے بتایا کہ ان کی بیوی نے زندگی میں دو بار کیموتھراپی کرائی، اور ہر بار بالوں کی محرومی نے اُن پر گہرا نفسیاتی اثر ڈالا۔ ’جب بال گرتے ہیں تو خوداعتمادی بھی ساتھ چلی جاتی ہے۔ یہ ایک نہایت تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے اور میں ہر اُس شخص کے لیے دل سے محسوس کرتا ہوں جو یہ سب جھیل رہا ہے۔‘
