برطانوی ٹرانسپورٹ ٹیم اسلام آباد ائیرپورٹ پر آڈٹ کے لیے موجود، پروازوں کی بحالی کا امکان

پاکستانی ایئرلائنز کی برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع کے مطابق، برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی تین رکنی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے، جو سی اے اے کے تعاون سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سیکیورٹی آڈٹ کرے گی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ سے برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی میں یہ آڈٹ کلیدی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ برطانوی ٹیم براہ راست پروازوں کی سیکیورٹی اور آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لے گی۔

ذرائع کے مطابق برطانوی ٹیم 10 جولائی تک اپنا آڈٹ مکمل کر کے روانہ ہو جائے گی۔ اس کے بعد رواں ماہ برطانیہ میں ایئر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس متوقع ہے، جس میں پاکستانی ایئرلائنز کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

تر کیہ کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کی پاکستان آمد ، اہم ملاقاتیں متوقع

برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم اپنی رپورٹ ایئر سیفٹی کمیٹی کو پیش کرے گی، جس میں پاکستانی ایئرپورٹس اور ایئرلائنز کے معیار، سیکیورٹی، اور آپریشنل صلاحیت کا جائزہ شامل ہوگا۔

سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ برطانوی کمیٹی اس رپورٹ کی بنیاد پر پاکستان پر عائد پروازوں کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ جولائی 2020 میں پائلٹس کے جعلی لائسنس اسکینڈل کے بعد قومی ایئرلائن سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا میں پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

Back to top button