پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رحجان

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں ابتدائی اوقات میں 2,900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
صبح 10 بج کر 40 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2,934.45 پوائنٹس یعنی 1.69 فیصد اضافے کے ساتھ 176,084.86 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا، جو گزشتہ چند روز کے جاری فروخت کے دباؤ کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
اہم شعبوں میں خریداری کے رجحان نے مارکیٹ کو تقویت دی، جس میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں اور ریفائنریز شامل ہیں۔
انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے شیئرز میں حبکو، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ، او جی ڈی سی، ماری انرجیز، میزان بینک، مسلم کمرشل بینک، حبیب بینک اور پاکستان اسٹیٹ آئل سبز رنگ میں ٹریڈ ہوتے رہے۔
دوسری جانب اقتصادی منظرنامے میں مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملی، کیونکہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ جنوری 2026 میں دوبارہ سرپلس میں آ گیا۔ اس کی بنیادی وجہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافہ ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2026 میں کرنٹ اکاؤنٹ 121 ملین ڈالر سرپلس رہا، جبکہ دسمبر 2025 میں 265 ملین ڈالر خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند اشارہ ہے۔
