بشریٰ بی بی کے بیٹے نےگھریلوملازم کوگولی ماردی

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کے بیٹے نے گھریلوملازم کو گولی مار کرزخمی کردیا۔

پاکپتن کے نواحی گاؤں پیر غنی کوٹھی میں خاور مانیکا اور سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کے بیٹے موسیٰ مانیکا نے اپنے ملازم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ملازم علی بہادر زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب موسیٰ مانیکا نے مبینہ طور پر کام میں تاخیر پر طیش میں آ کر اپنے ملازم کو گولی مار دی۔ فائرنگ کے بعد موسیٰ نے ہوائی فائرنگ بھی کی اور زخمی کو ہسپتال منتقل کرنے سے منع کر دیا۔

ڈی پی او پاکپتن جاوید اقبال چدھڑ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم موسیٰ مانیکا کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ "مجرم چاہے کتنا ہی بااثر ہو، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، ملزمان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔”

موسیٰ مانیکا کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر زخمی نوجوان علی بہادر کے والد منظور احمد کی مدعیت میں درج کی گئی، جس میں الزام لگایا گیا کہ بیٹے کے ہاتھ بیڈ کی چادر سے چھو گئے تھے، جس پر موسیٰ نے فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق منظور احمد اور اس کا بیٹا علی بہادر، دونوں خاور مانیکا کے گھر پر ملازمت کرتے ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق پولیس نے موسیٰ مانیکا سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے کام میں کوتاہی پر ملازم کو گولی ماری۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے ملازم کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

Back to top button