ضمنی الیکشن،نون لیگ نے میدان مار لیا،6 قومی اور 6 صوبائی سیٹوں پر فاتح قرار

پاکستان کے 13 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے نمایاں برتری حاصل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے خالی کردہ تقریباً تمام حلقوں پر کامیابی حاصل کرلی۔ قومی اسمبلی کی 6 اور صوبائی اسمبلی کی 7 نشستوں پر ہونے والے انتخاب کے مکمل نتائج کے مطابق ن لیگ نے قومی اسمبلی کی تمام 6 نشستیں اپنے نام کیں، جبکہ صوبائی اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستوں پر بھی کامیاب ٹھہری۔ پیپلز پارٹی صرف ایک صوبائی نشست جیتنے میں کامیاب رہی۔
ضمنی انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ این اے 18 ہری پور میں دیکھنے میں آیا، جہاں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز کو 43 ہزار 776 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان نے ایک لاکھ 63 ہزار 996 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جب کہ شہرناز عمر ایوب ایک لاکھ 20 ہزار 220 ووٹ لے سکیں۔واضح رہے کہ شہرناز سابق قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب خان کی اہلیہ ہیں، اور یہ نشست عمر ایوب کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ انہیں 9 مئی کیس میں سزا سنائی گئی تھی۔
حلقہ این اے 129 لاہور کے تمام 334 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج موصول ہوگئے، جن کے مطابق مسلم لیگ ن کے حافظ میاں محمد نعمان 63 ہزار 441 ووٹ لے کر آگے رہے، جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 29 ہزار 99 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔یہ نشست پی ٹی آئی کے میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
حلقہ این اے 185 میں بھی ن لیگ نے کامیابی حاصل کرلی۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے محمود قادر خان نے 82 ہزار 416 ووٹ لیے، جبکہ پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ 49 ہزار 262 ووٹ لے سکے۔یہ نشست پی ٹی آئی کی زرتاج گل کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
این اے 143 ساہیوال کے غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے محمد طفیل جٹ ایک لاکھ 36 ہزار 223 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جب کہ آزاد امیدوار ضرار اکبر چوہدری 13 ہزار 220 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔یہ نشست پی ٹی آئی کے حسن نواز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔
این اے 104 فیصل آباد کی نشست بھی ن لیگ کے کھاتے میں گئی۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق دانیال احمد نے 52 ہزار 791 ووٹ لے کر میدان مار لیا، جب کہ آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید نے 19 ہزار 262 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 96 فیصل آباد کے تمام 345 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق ن لیگ کے بلال بدر چوہدری 93 ہزار 9 ووٹ کے ساتھ کامیاب رہے۔ بلال بدر چوہدری وزیرِ مملکت طلال چوہدری کے بھائی ہیں۔
پی پی 87 میانوالی کے تمام 193 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے علی حیدر نور خان نیازی 67 ہزار 986 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار محمد ایاز خان نیازی 3 ہزار 310 ووٹ لے سکے۔
پی پی 98 فیصل آباد میں ن لیگ کے آزاد علی تبسم نے 44 ہزار 388 ووٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی، جبکہ آزاد امیدوار محمد اجمل 35 ہزار 245 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 115 فیصل آباد کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے محمد طاہر پرویز نے 49 ہزار 49 ووٹ لیے جبکہ آزاد امیدوار محمد اصغر 18 ہزار 98 ووٹ لے سکے۔
تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق ن لیگ کے احمد شہریار 48 ہزار 824 ووٹ لے کر فاتح رہے، جبکہ آزاد امیدوار ملک اصغر علی قیصر 11 ہزار 429 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ احمد شہریار وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کے داماد ہیں۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے اسماعیل سیلا کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
پی پی 203 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے محمد حنیف 46 ہزار 900 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار فلک شیر 10 ہزار 895 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 73 سرگودھا سے ن لیگ کے سلطان علی رانجھا 71 ہزار 770 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار مہر محسن رضا نے 12 ہزار 970 ووٹ حاصل کیے۔
پی پی 269 مظفرگڑھ میں ن لیگ کو شکست ہوئی۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے میاں علمدار عباس قریشی 55 ہزار 611 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
قبل ازیں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ اس دوران ووٹرز اپنے پسندیدہ امیدوار کے حق میں مہر ثبت کریں گے۔
انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 2 ہزار 792 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے، جن میں 408 کو انتہائی حساس اور 1,032 کو حساس قرار دیا گیا تھا، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 20 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
