کابینہ کمیٹی نے تیل اورگیس کے ذخائرکوتسلی بخش قرار دیدیا

پیٹرولیم سے متعلق کابینہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ملک میں تیل اورگیس کے ذخائرتسلی بخش سطح پرموجود ہیں۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت پیٹرولیم سے متعلق کابینہ کمیٹی اجلاس ہوا جس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا جائزہ لیاگیا۔
کابینہ کمیٹی اجلاس میں عالمی مارکیٹ صورتحال پربھی غورکیاگیا اور اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں تیل اورگیس کے ذخائرتسلی بخش سطح پرموجود ہیں اوردرآمدی انتظامات اور مقامی پیداوارسےسپلائی مستحکم ہیں۔
کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کا نظام معمول کےمطابق جاری ہے، مارچ اور اپریل کےلیےپٹرول کارگو کی بڑی مقدارپہلےہی محفوظ ہے جبکہ ملک میں ریفائنریز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
کابینہ کمیٹی نے ریفائنریز کی پیداوار برقرار رکھنےکی ہدایت کی۔
اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں اتارچڑھاؤکاتفصیلی جائزہ لیاگیا اور بریفنگ میں بتایاگیا کہ حکومت عالمی اورمقامی قیمتوں کے فرق کا مسلسل جائزہ لےرہی ہے، جی ٹو جی معاہدوں کے ذریعے توانائی سپلائی مزید مستحکم بنانےکی کوششیں کی جا رہی ہیں، مختلف ممالک سے تیل کی درآمد کیلئے متنوع حکمت عملی اپنائی گئی۔
وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ملک میں پیٹرولیم کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
