27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کیلئےکابینہ کااجلاس کل طلب

وفاقی کابینہ سے27 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ کل منظور ہونےکا امکان ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کا اجلاس کل صبح 9 بجے طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ کو 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر بریف کیا جائے گا، جس کے بعد وفاقی کابینہ آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دےگی۔
دوسری جانب حکومت نے 27 ویں ترمیم پر اتفاق رائے کے لیے اتحادیوں سے رابطے تیز کردیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیوایم پاکستان، ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی کے وفود کی الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں جس دوران 27 ویں ترمیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم کیوایم ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نےایم کیوایم پاکستان کےوفد کو27 ویں آئینی ترمیم پراعتماد میں لیا اور ایم کیوایم کے بلدیاتی مسودے کو 27 ویں ترمیم میں شامل کرنےکی یقین دہائی کرائی۔
ترجمان کے مطابق27 ویں ترمیم میں ایم کیوایم کےبلدیاتی آئینی ترمیمی مسودے کومسلم لیگ ن سپورٹ کرے گی۔
دوسری جانب علیم خان کی قیادت میں استحکام پاکستان پارٹی کے وفد کو بھی وزیراعظم نے 27 ویں ترمیم پر اعتماد میں لیا۔
