کمبوڈیا نےٹرمپ کو نوبیل امن انعام کیلئےنامزد کرنے کا اعلان کر دیا

کمبوڈیا نے تھائی لینڈ کے ساتھ حالیہ سرحدی کشیدگی ختم کرانے میں کردار ادا کرنے پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ان کی حکومت سابق صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے تھائی لینڈ کے ساتھ پانچ روزہ سرحدی کشیدگی کے خاتمے میں ٹرمپ کے کردار کو سراہا اور امن کے لیے ان کی کوششوں کو "قابل تحسین” قرار دیا۔
اس کے ساتھ ہی کمبوڈیا نے امریکی حکومت کی جانب سے ملبوسات اور جوتوں کی صنعت پر عائد برآمدی ٹیکس کو 49 فیصد سے کم کر کے 19 فیصد تک لانے پر بھی ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان حالیہ جھڑپوں میں 43 افراد ہلاک اور تین لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے تھے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق، کشیدگی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے براہ راست رابطہ کر کے امریکا کے ساتھ تجارتی معاملات کو امن کے قیام سے مشروط کیا، جس کے بعد ملائیشیا میں ایک غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق ہوا۔
مذاکرات میں تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم، کمبوڈیا کے وزیراعظم، اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے علاوہ امریکا اور چین کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل پاکستان اور اسرائیل بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
