کینیڈا کا امریکہ پر ” ٹرمپ ٹیکس ” عائد کرنے کا عندیہ

کینیڈا نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا نے تجارتی جنگ شروع کی تو جواب میں ہم ٹرمپ ٹیکس عائد کر دیں گے۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانے جولی نے کہاکہ اگر امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈین مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ کیا تو جوابی کارروائی کےطور پر امریکیوں پر ٹرمپ ٹیکس لگایا جائےگا۔ہم اپنی طرف سے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کےلیے تیار ہیں۔
کینیڈین وزیر خارجہ کاکہنا تھاکہ امریکا نے ہمارےخلاف تجارتی جنگ شروع کی تو یہ دہائیوں بعد کینیڈا اور امریکا کےدرمیان بہت بڑی تجارتی جنگ ہوگی۔ ٹرمپ نے ٹیکس عائد کیا تو کینیڈا نےبھی جوابی اقدامات کی تیاری کرلی ہے۔
یاد رہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھاکہ وہ اپنی معاشی اور خارجہ پالیسی کےمنصوبے کے تحت کینیڈا سے درآمد کی جانےوالی اشیا پر 25 فیصد ٹیکس عائد کریں گے۔ ٹرمپ کی مجوزہ پالیسی کےتحت میکسیکو،چین اور دیگر تجارتی شراکت دار ملکوں سے آنے والی درآمدات پر بھی کسٹم ڈیوٹی بڑھائی جائے گی۔ ٹرمپ کی مجوزہ پالیسی پر عملدرآمد کے نتیج میں کینیڈا کےصارفین اور ان کی ملازمتوں پر بہت بڑا اثر پڑےگا۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی ٹیکس کے جواب میں کینیڈا کے حکام امریکا سے آنےوالے سامان پر کسٹم ڈیوٹی بڑھانے پر غورکررہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں کینیڈا کی حکومت امریکی اسٹیل کی مصنوعات،ٹائلٹس اور سنک کے سیرامکس،شیشے سے بنی اشیا اور اورنج جوس پر ٹیکس بڑھائےگی جس کو توسیع بھی دی جاسکتی ہے۔
