کیپیٹل ہسپتال میں اے آئی ریڈیولاجی سکریننگ متعارف، علی بابا میڈیکل اے آئی سے معاہدہ

 

 

 

اسلام آباد میں صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کیپیٹل ہسپتال اسلام آباد نے امیجنگ ریڈیولاجی میں مصنوعی ذہانت پر مبنی سکریننگ متعارف کرانے کیلئے علی بابا میڈیکل اے آئی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔

جمعہ کے روز ہونے والی اس تقریب میں ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم تاج، سینئر ڈاکٹرز اور علی بابا اے آئی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ یہ اقدام چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کے وژن اور ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود کی رہنمائی میں عوامی صحت کی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔

 

اس اشتراک کے تحت کیپیٹل ہسپتال کے ریڈیولاجی ڈیپارٹمنٹ میں جدید اے آئی ٹیکنالوجیز کو ضم کیا جائے گا تاکہ امیجنگ کی تشریح اور اسکریننگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد تشخیص کی درستگی میں اضافہ، بیماریوں کا بروقت پتہ لگانا، کام کی رفتار اور کارکردگی بہتر بنانا اور مریضوں کی دیکھ بھال کے مجموعی معیار کو بلند کرنا ہے۔

 

اے آئی پر مبنی ریڈیولاجی حل طبی ماہرین کو میڈیکل امیجز کے درست تجزیے میں معاونت فراہم کریں گے، جس سے طبی فیصلہ سازی مزید مضبوط ہوگی۔ اس کے ساتھ رپورٹنگ کے دورانیے میں کمی آئے گی اور شعبے کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری متوقع ہے۔ یہ اقدام سی ڈی اے کے صحت عامہ کے اداروں میں ڈیجیٹل انوویشن اور سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

 

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم تاج نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے یہ اشتراک مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے مریض جدید ترین ٹیکنالوجی سے مستفید ہوں گے اور ڈاکٹرز کو قابلِ اعتماد تشخیصی آلات میسر آئیں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ علی بابا میڈیکل اے آئی کے ساتھ ایم او یو جدید ڈیجیٹل ہیلتھ سلوشنز کو اپنانے اور جدت کے ذریعے مریضوں کے نتائج میں مسلسل بہتری لانے کے سی ڈی اے قیادت کے اسٹریٹجک وژن کی ترجمانی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال صحت عامہ کے شعبے کیلئے خوش آئند قدم ہے، جس سے امید ہے کہ جلد ہی کیپیٹل ہسپتال ملک کے بہترین ہسپتالوں میں شمار ہوگا۔

Back to top button