پولیس اہلکار کے قتل کا مقدمہ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف درج ہوگا : وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس کانسیٹبل کے قتل کی ایف آئی آر پی ٹی آئی قیادت کےخلاف درج کرانے کا اعلان کردیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ شہداء کی فیملی سےوعدہ ہے ان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے،جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی،جنہوں نے لوگوں کو بلایا ان سب کو نہیں چھوڑیں گے۔
خیال رہےکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے مبینہ تشدد سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل مبشر کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی آئی جی پنجاب سمیت اعلیٰ پولیس قیادت بھی شریک ہوئی جب کہ وزیر اعظم نے بھی مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکار کو شہید کرنے کی مذمت کی۔
واضح رہےکہ ہکلہ انٹرچینج کے قریب مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے تشدد سے جاں بحق پولیس کانسٹیبل مبشر کا تعلق مظفر گڑھ سے تھا،46 سالہ مبشر کے 2 بیٹیوں سمیت 3 بچے ہیں۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہکلہ انٹر چینج کے قریب مبینہ طور پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
واقعے میں جاں بحق 46 سالہ پولیس کانسٹیبل مبشر تقریباً 12 سال قبل پنجاب پولیس میں بھرتی ہوئےتھے اور اس وقت مظفر گڑھ کے تھانہ شاہ جمال میں تعینات تھے۔
پی ٹی آئی کے مظاہرین کےبدترین تشدد سے مبشر کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، انہیں وینٹیلیٹرپر منتقل کیاگیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
