ریاست مخالف پراپیگنڈا کرنے پر شہباز گل اور معید پیرزاہ پر مقدمات درج

سوشل میڈیا پر ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف پراپگنڈا کرنے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد نے رہنما پی ٹی آئی شہباز گل اور یوٹیوبر معید پیرزاہ کے خلاف سائبر ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے۔
رہنما پی ٹی آئی شہباز گل اور یوٹیوبر معید پیرزاہ اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں،ان کے معاون دیگر ملزمان کا تعین تفتیش میں کیا جائےگا۔
شہباز گل اور معید پیرزادہ کےخلاف سائبر کرائم ونگ میں انکوائریز جاری تھیں جن میں الزامات درست پائےجانے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد میں سب انسپکٹر منیب ظفر کی مدعیت میں دونوں کےخلاف مقدمات درج کیےگئے۔
ذرائع کےمطابق مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 کے سیکشن 9، 10 اور 11 کےتحت درج کیاگیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کےمطابق دونوں ملزمان نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز کے ذریعے حکومتی عہدیداروں کےخلاف جھوٹی خبریں پھیلائیں اور عوام کو ریاستی اداروں کےخلاف اکسانے کی کوشش کی۔
ایف آئی آر میں مزید کہاگیا ہےکہ معید پیرزادہ نے ریاست مخالف بیانیہ تشکیل دیا،جب کہ شہباز گل پر ریاستی اداروں میں بغاوت پیدا کرنےکے الزامات عائد کیے گئےہیں۔
پنجاب کابینہ:آسان کاروباراسکیم کیلئےمفت پلاٹ دینے کی منظوری
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق چونکہ دونوں ملزمان بیرون ملک مقیم ہیں اس لیے قانونی کارروائی مکمل کرکے انہیں بیرون ممالک سے گرفتار کرنے کےلیے انٹرپول سے بھی رجوع کیا جائےگا۔
یاد رہےکہ معید پیرزادہ اور شہباز گل دونوں پاکستان سےباہر ہیں،دونوں ملزمان مختلف مقدمات میں مفرور بھی ہیں،عدالتوں نے انہیں اشتہاری بھی قرار دےرکھا ہے۔
