CCD پر جعلی مقابلوں کے الزامات بے بنیاد ہیں ، پنجاب پولیس

پنجاب پولیس نے سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) پر جعلی پولیس مقابلوں کے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں پولیس کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریری رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سی سی ڈی کے قیام کے بعد ڈکیتی، چوری، قتل اور دیگر سنگین جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران سی سی ڈی کی کارروائیوں سے پراپرٹی سے متعلق جرائم میں 64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈکیتی اور قتل کے واقعات میں بھی مجموعی طور پر 60 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ سال 2024 میں ڈکیتی کے 792 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ 2025 میں یہ تعداد کم ہو کر 324 رہ گئی، جس سے ڈکیتی کے کیسز میں 69 فیصد کمی ظاہر ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق راہزنی کے واقعات 41 ہزار سے کم ہو کر 18 ہزار 608 رہ گئے، جو کہ 62 فیصد کمی ہے۔ اسی طرح گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 64 فیصد، کار چوری میں 60 فیصد اور موٹرسائیکل چھیننے کے واقعات 9 ہزار 754 سے کم ہو کر 4 ہزار 628 رہ گئے، جس میں 53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پولیس کے مطابق ڈکیتی بمعہ قتل کے کیسز 170 سے کم ہو کر 96 رہ گئے، جو 60 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سی سی ڈی آپریشنز کے دوران ایک سب انسپکٹر شہید جبکہ 96 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی سی ڈی پر لگائے گئے الزامات سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی افواہوں پر مبنی ہیں جن کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ رپورٹ کے مطابق سی سی ڈی بلاامتیاز تمام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے اور گرفتاریوں کے بعد شفاف تفتیش اور قانونی تقاضوں کے مطابق پراسیکیوشن کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
