تحریک انصاف کا سی ڈی اے کے خلاف عدالت جانےکا اعلان

سی ڈی اے کی جانب سے رات گئے اسلام آباد میں پارٹی سیکرٹریٹ کی مسماری کے خلاف تحریک انصاف نے عدالت جانے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی سیکرٹریٹ پر سی ڈی اے کی کارروائی کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سیکرٹریٹ پر تجاوزات کے حوالے سے کبھی کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، سی ڈی اے اہلکاروں سے پوچھا کوئی آرڈر ہے تو دکھائیں مگر وہ نہیں دکھا سکے، تجاوزات تھیں تو ہمیں بتاتے ہم خود انہیں گرا دیتے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو مشہد میں سپرد خاک کردیاگیا
دوسری جانب رہنما تحریک انصاف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے بغیر نوٹس رات کے اندھیرے میں آپریشن کرکے، پارٹی کا دفتر فتح کرلیا، اسلام آباد پولیس کی ٹیم نے ان کی گاڑیوں کی تلاشی لی، جس طرح غزہ میں آپریشن ہوتا اسی طرح رات کے اندھیرے میں تحریک انصاف کے دفتر میں کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں، میرا اور بیرسٹر گوہر کا استحقاق مجروح ہوا ہے، یہ معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ پر سی ڈی اے نے انسداد تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے سیکرٹریٹ کا ایک حصہ گرا دیا اور دفتر سیل کردیا۔
