تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد شروع

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تین روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد جنگ بندی پر اتفاق ہوا، جو ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے نافذ کی گئی۔
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فوری جنگ بندی، فوجی نقل و حرکت معطل کرنے اور سرحدی علاقوں سے متاثرہ شہریوں کو گھروں کو واپس جانے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
دونوں ممالک نے تخریب کاری اور سائبر جرائم کے خلاف مشترکہ تعاون بڑھانے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔
بیان کے مطابق جنگ بندی کے 72 گھنٹے مکمل ہونے کے بعد تھائی لینڈ کی حراست میں موجود کمبوڈیا کے 18 فوجیوں کو رہا کر دیا جائے گا، جو جولائی سے زیرِ حراست ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 20 روز سے جاری سرحدی لڑائی میں دونوں جانب سے کم از کم 101 افراد ہلاک جبکہ 50 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
تنازع کی پس منظر
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان 817 کلومیٹر طویل زمینی سرحد کے بعض غیر واضح حصوں پر خودمختاری کا تنازع گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے چلا آ رہا ہے۔ یہ اختلافات اس دور سے جڑے ہیں جب 1953 تک کمبوڈیا پر فرانسیسی قبضہ تھا اور اسی دوران سرحدی حدود کا تعین کیا گیا تھا۔
یہ تنازع وقتاً فوقتاً دوبارہ شدت اختیار کرتا رہا ہے اور اکثر قوم پرستانہ جذبات نے اسے مزید ہوا دی ہے۔ رواں سال مئی میں کشیدگی اس وقت بڑھی جب متنازع علاقے میں دونوں افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک کمبوڈین فوجی ہلاک ہو گیا۔
واقعے کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف سخت اقدامات کیے، جن میں تھائی لینڈ کی جانب سے سرحدی پابندیاں جبکہ کمبوڈیا کی جانب سے تھائی فلموں پر پابندی، پھل و سبزیوں کی درآمد کی بندش اور تھائی لینڈ سے انٹرنیٹ بینڈوڈتھ میں کمی شامل ہے۔
