سیزفائربرقرار،فائرنگ افغانستان سے ہوئی،پاکستان نےکابل کادعویٰ مسترد کردیا

پاکستان نےپاک افغان سرحد پر پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے افغانستان کی جانب سے پھیلائے گئے دعوؤں کو سختی سے مسترد کردیا۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ افغانستان کی جانب سے کی گئی، جس کے جواب میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے فوری، ذمہ دارانہ اور متوازن کارروائی کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی فورسز کی ذمہ دارانہ کارروائی کی بدولت چمن سرحد پر پیدا ہونے والی کشیدگی پر قابو پا لیا گیا اور موجودہ جنگ بندی برقرار ہے۔
پاکستان نے کہا ہے کہ وہ جاری مذاکرات کیلئے پرعزم ہے اور افغان حکام سے بھی اسی نوعیت کے مثبت رویے کی توقع رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع چمن میں پاک افغان سرحد پر طالبان کی جانب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کا پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر چمن حبیب اللہ بنگلزئی کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ جمعرات کی شام تصدق گیٹ مزال گلی اقبال پوسٹ کے قریب پیش آیا جہاں افغانستان کی جانب سے طالبان اہلکاروں نے پاکستانی حدود کی طرف فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا جس کے بعد رک گیا۔ واقعے میں کسی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئے۔
