سنچورین ٹیسٹ، جنوبی افریقہ نےپاکستان کوشکست دیدی

سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نےدلچسپ مقابلےکےبعدپاکستان کو2 وکٹوں سے شکست دیدی۔
فتح کے ساتھ ہی پروٹیز کاورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کا امکان روشن ہوگیا۔
جنوبی افریقہ کے شہر سنچورین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان211 رنزپرآؤٹ ہوئی اور جنوبی افریقہ نےپہلی اننگزمیں301 رنز بناکر 90 رنزکی برتری حاصل کی، دوسری اننگز میں قومی ٹیم237رنز پرآؤٹ ہوئی اور مہمان ٹیم کو جیت کیلئے148 رنزکاآسان ہدف دیا۔
تاہم تیسرےدن کے اختتام پر قومی باؤلرز نے پروٹیز بلے بازوں کو خوب پریشان کیا اور دن کےاختتام تک27 رنز پر ان کے3 کھلاڑیوں کوپویلین واپس بھیج دیا۔اوپنر ٹونی ڈی زورزی2 رنزبناکرآؤٹ ہوئے،ریان ریکلٹن کھاتہ کھولےبغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے اور ٹرسٹن اسٹبز صرف ایک رن بنا سکے۔
کھیل کا چوتھا روز پاکستانی فاسٹ باؤلرمحمد عباس کے نام رہا، چوتھے دن کا آغاز کرنے والے ایڈن مارکرم اور کپتان ٹمبا باؤما نے43 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم عباس نے پہلے مارکرم کو 37 اور پھر باؤما کو40 رنز پر پویلین بھیج کر مہمان سائیڈ کی مشکلات میں اضافہ کیا۔
ڈیوڈ بیڈنگھم بھی 14 رنز بناکر محمد عباس کا ہی شکار بنے، کائل ویریننے 02 رنز بناکر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، پہلی اننگز میں 81 رنز کی اننگز کھیلنے والے کوربن بوش کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے دسویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا نے 26 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور مارکرو جانسن کے ساتھ ملکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے 6، نسیم شاہ اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی دوسری اننگز
میچ کے دوسرے روز اختتامی لمحات میں دوسری اننگز میں قومی ٹیم کے صائم ایوب 27، کپتان شان مسعود 28، کامران غلام 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
تیسرے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز سے اننگز کی شروعات کی تاہم بارش کے باعث کھانے کے وقفے تک میچ شروع نہ ہوسکا۔
بابر اعظم اور سعود شکیل نے چوتھی وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اسکور کو 153 رنز تک پہنچایا، بابر اعظم نصف سینچری اسکور کرنے کے بعد 50 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
سعود شکیل نے پر اعتماد بیٹنگ کو جاری رکھتے ہوئے 50 اسکور کیا تاہم ان کی ہمت بھی 84 رنز پر جواب دے گئی جب کہ محمد رضوان نے 3 اور سلمان علی آغا ایک رن بناکر اپنی وکٹ گنوائی، عامر جمال 18 رنز ہی بناسکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ باؤلر مارکو جانسن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کگیسو رباڈا نے 2، ڈین پیٹرسن، اور کوربن بوش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی پہلی اننگز
میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر مکمل ناکام رہا، مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکا، کامران غلام 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 14، کپتان شان مسعود 17، بابراعظم 4، نائب کپتان سعود شکیل 14، محمد رضوان 27، عامر جمال 28 اور سلمان علی آغا 18 رنز بناسکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5 اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کوربن بوش نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز
پاکستان کی طرح پروٹیز کے ٹاپ آرڈر میں ایڈن مرکرم 89 کے علاوہ کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، تاہم باؤلنگ آل راؤنڈر کوربن بوش نے 81 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو واضح برتری دلوائی۔
قومی ٹیم کی جانب سے خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر جمال 2 اور محمد اور صائم ایوب ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
دیگر کھلاڑیوں میں ٹونی ڈی زوردی 2، ریان رکلٹن 8 اور ٹرسٹن اسٹبز 9، کپتان ٹیمبا باووما 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
