چیئرمین سی ڈی اے نےموسم بہارکی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور سر سبز و شاداب بنانے کے حوالے سے سی ڈی اے انوائرمنٹ ونگ نے رواں برس شجرکاری مہم 2026 کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

چئیرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے بدھ کے روز موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز طیب اردگان انٹرچینج F-8 کے مقام پر درخت لگا کر کیا۔ شجرکاری مہم میں ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈی جی انوائرمنٹ سمیت کثیر تعداد میں سکول کے بچوں نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ رواں برس شجرکاری مہم میں سول سوسائٹی، میڈیا، تعلیمی اداروں، کارپوریٹ سیکٹرز سمیت عام شہریوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر رواں برس شجرکاری مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ ماحول دوست درخت لگائے جائینگے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ رواں برس شجرکاری مہم کے تحت دارالحکومت اسلام آباد میں 10 لاکھ مختلف ماحول دوست درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف پودے لگانا نہیں بلکہ لگائے گئے پودوں کی نگہداشت کو بھی یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں شجرکاری مہم میں سپارکو کے جدید سٹلائٹ امیجز اور دیگر ٹیکنالوجی کو بھی استعمال میں لایا جائیگا۔ اس سلسلے میں لگائے جانے والے پودوں کی تفصیلات کیو آر کوڈ پر محفوظ اور انکی باقاعدہ ٹریکنگ کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیو آر کوڈ کی مدد سے درختوں کی عمر، انکی افزائش اور دیگر متعلقہ معلومات تک رسائی آسان ہوگی۔ ابتدائی طور پر کیو آر کوڈ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مرکزی شاہراؤں پر لگے درختوں پر لگائے جارہے ہیں۔ اسی طرح پرانے درختوں کو بھی اس جدید ٹیکنالوجی کیساتھ منسلک کیا جائیگا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ رواں برس شجرکاری مہم میں خصوصی طور پر ماہرین ماحولیات رضوان محبوب کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم بہار شجرکاری مہم کے تحت مقامی، پھلدار اور سایہ دار درختوں کو لگایا جائیگا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہم سب کو ملکر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس شجرکاری مہم کا مقصد اسلام آباد شہر کے گرین کور میں اضافہ کرنا اور اسکے ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے اور ماحول کی تحفظ کیلئے ہمارے ساتھ ساتھ تمام شہریوں کو بھی اسمیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس خصوصی شجرکاری مہم کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر سٹالز لگا کر شہریوں میں ماحول دوست پودے تقسیم کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی شخص درخت کاٹتا ہے تو فوراً متعلقہ حکام کو ہلپ لائن پر اطلاع دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ایک سر سبز و شاداب اور گرین کور میں اضافہ کرنا ہے تاکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا کا دلکش و خوبصورت ترین شہر بنایا جاسکے۔
