پاکستان اور برونائی کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے برونائی دارالسلام کے سرکاری دورے کے دوران سلطان و یانگ ڈی پرتوا‌ن برونائی دارالسلام، سلطان حاجی حسن البلکیہ معزز الدین وعداللہ ابنِ سلطان حاجی عمر علی سیف الدین سعد الخیری وعدین سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیئرمین جوائنٹ چیفس نے میجر جنرل (ریٹائرڈ) یانگ برہورمت پیہن داتو لیلاراجا، وزیرِاعظم کے دفتر کے وزیر و وزیرِ دفاع-II داتو پدوکا سری آونگ حاجی حل بی بن حاجی محمد یوسف، اور کمانڈر رائل برونائی آرمڈ فورسز میجر جنرل داتو پدوکا سری حاجی محمد ہزائمی بن بول حسن سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے موآرا نیول بیس پر موجود کے ڈی بی دارالامان اور ڈیفنس اکیڈمی رائل برونائی آرمڈ فورسز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے “علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات” کے موضوع پر خطاب کیا اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس کے شرکا سے تبادلۂ خیال کیا، جن میں 19 غیر ملکی ممالک کے افسران بھی شامل تھے۔

ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے نمائندوں نے عالمی و علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتِ حال اور باہمی دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس نے کہا کہ پاکستان برونائی دارالسلام کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری و دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

سلطانِ برونائی اور دیگر سول و عسکری قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، کامیابیوں اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔

رائل برونائی آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹر پہنچنے پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

Back to top button