وزیراعظم کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک بنانے کا عزم، چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اہم اجلاس

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات سے پاک رکھنے کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری اقدامات کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ، ڈی سی سی ڈی اے اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن کے مطابق وفاقی دارالحکومت کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو انسداد تجاوزات آپریشن میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم فاطمہ کی نگرانی میں ڈپلومیٹک انکلیو اور اس سے ملحقہ علاقوں بشمول سابقہ مسلم کالونی میں حال ہی میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا اور اس خصوصی مہم کے دوران 900 کنال سے زائد قمیتی سرکاری زمین غیر قانونی قابضین سے واگزار کروائی گئی۔
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سرکاری اراضی واگزار کروانے کےلیے تمام مقامی افراد کو قانون کے مطابق شنوائی کا موقع دیا گیا۔ اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سائٹ آفس بھی قائم کیا گیا تھا۔ سائٹ آفس میں مقامی افراد کے جائز مطالبات کو سننے کےلیے سی ڈی اے کے ریونیو اور پلاننگ ونگ کا متعلقہ عملہ بھی تعینات کیا گیا اور متعلقہ عملے نے تمام افراد کے مطالبات کو نہ صرف سنا بلکہ ان کا قانون کے مطابق حل بھی کیا۔
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جن افراد کے پاس قانون کے مطابق ملکیتی حقوق سے متعلق کوئی بھی دستاویز ہے تو وہ سی ڈی اے سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام آپریشنز میں سی ڈی اے انفورسمنٹ کو پلاننگ ونگ، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی مکمل معاونت بھی شامل ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلہ میں غیر قانونی تعمیرات کا باعث بننے والے قبضہ مافیا کے خلاف ایف آئی آر اندراج کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ کارروائیاں قیمتی سرکاری اراضی کے تحفظ، مستقبل میں قبضہ کو روکنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کےلیے انتہائی اہم ہیں اور اس سلسلے میں ان افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جو قیمتی سرکاری زمین پر قبضہ میں ملوث ہونے سمیت معصوم شہریوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہریوں کے جائز مطالبات کو قانون کے مطابق جائزہ لے کر ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منظم شہری منصوبہ بندی اور سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ہر قسم کی قبضہ سے پاک اسلام آباد بنانے کےلیے انتہائی پر عزم ہے۔
اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں اور سفری سہولیات پر سی ڈی اے کا اہم اجلاس
اس ضمن سی ڈی اے انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور منظم منصوبہ بندی کےلیے شہریوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں بھی کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات یا تجاوزات کو دیکھیں تو فوراً متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
یاد رہے اس ضمن میں غیر قانونی قابضین سے اب تک اربوں روپے کی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروائی جاچکی ہے۔

