چیمپئنز ٹرافی:پاکستان کے گروپ میچز کیلئے آفیشلز کا اعلان

آئی سی سی اے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان گروپ میچز آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان کے گروپ میچز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے میچ میں ریچرڈ کیٹل برو اور شرف الدولہ ابن شاہد فیلڈ امپائر ہوں گے جبکہ جول ولسن ٹی وی امپائراور انڈریو پیکرافٹ میچ ریفری مقرر کئے گئے ہیں۔

اسی طرح روایتی حریف پاک-بھارت میچ میں پال ریفل اور ریچرڈ النگورتھ آن فیلڈ امپائر ہوں گے، مائیکل گاف ٹی وی امپائراورمیچ ریفری کے فرائض ڈیوڈ بون ادا کرینگے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں مائیکل گاف اور اینڈرین ہولڈ اسٹوک آن فیلڈ،پال ریفل ٹی وی امپائر ہونگےجبکہ ڈیوڈ بون میچ ریفری تعینات کئےگئے ہیں۔

واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا باضابطہ آغاز 19 فروری سے کراچی میں کرکٹ میچ سے ہوگا،ایونٹ کے بعض میچز متحدہ عرب امارات میں بھی ہوں گے۔

چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا،جس وجہ سے پاکستان اور بھارت کے میچز کے علاوہ بھارت کے تمام میچز یو اے ای میں ہوں گے۔

افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا، اگر فائنل میں بھارت پہنچا تو ایونٹ کا آخری میچ پاکستان میں نہیں ہوگا۔

Back to top button