ترکیہ پارلیمنٹ میں شدید ہنگامہ آرائی ،لاتوں ،گھونسوں کی بارش

ترکیہ میں آکن گرلگ کی بطور وزیرِ انصاف تقرری کے بعد پارلیمنٹ کا ماحول شدید کشیدہ ہو گیا اور ایوان میں ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، اس دوران اراکین نے ایک دوسرے پر لاتوں ،گھونسوں کی بارش کردی۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے اس تقرری پر سخت اعتراض کرتے ہوئے اجلاس کے دوران احتجاج کیا۔ صورتِ حال اس قدر بگڑ گئی کہ بعض ارکان آپس میں الجھ پڑے اور ایوان میں ہاتھا پائی تک نوبت آ گئی۔ اپوزیشن اراکین نے آکن گرلگ کو حلف اٹھانے سے روکنے کی بھی کوشش کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کی نامزدگی متنازع ہے۔
یاد رہے کہ آکن گرلگ اس سے قبل چیف پراسیکیوٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن کی قیادت کرنے کی وجہ سے ان کا نام سیاسی تنازع کا مرکز رہا ہے۔ اسی پس منظر میں ان کی بطور وزیرِ انصاف تقرری نے سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھا دیا ہے۔
حکومتی ارکان نے صدر رجب طیب اردوان کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آکن گرلگ نے قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں اور وہ وزارتِ انصاف کا عہدہ سنبھالنے کے اہل ہیں۔ تاہم اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ تقرری جمہوری اقدار اور سیاسی توازن کے منافی ہے، جس سے ملک میں سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
