صرف40رنزکاہدف پوری ٹیم37پرآؤٹ،ناپسندیدہ ریکارڈ بن گیا

صرف40رنزکاہدف پوری ٹیم37پرآؤٹ،پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے دوران کرکٹ کی تاریخ کا 253 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
میچ میں پی ٹی وی نے انتہائی کم ہدف کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں نایاب کارنامہ انجام دیا۔
ایس این جی پی ایل کو جیت کیلئےمحض 40 رنز کا ہدف ملا تھا، لیکن پوری ٹیم صرف 37 رنز بنا سکی اور آؤٹ ہوگئی۔
اس دوران سیف اللہ بنگش 14 رنز بنا کر ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کپتان شان مسعود سمیت 3 کھلاڑی بغیر کسی رن کے آؤٹ ہوئے۔
اس فتح کے ساتھ ہی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 253 سال پرانا ریکارڈ بھی ختم ہوگیا، جس نے پی ٹی وی کی کارکردگی کو کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار مقام دے دیا۔
بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان جو اس سال قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں، نے محض 9 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاسٹ بولر عماد بٹ نے باقی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے فتح یقینی بنائی۔
اس طرح پی ٹی وی فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم ہدف کا کامیاب دفاع کرنے والی ٹیم بن گئی۔
پی سی بی کے مطابق اس سے قبل یہ ریکارڈ 1794 میں قائم ہوا تھا، جب اولڈفیلڈ نے لارڈز اولڈ گراؤنڈ میں ایم سی سی کےخلاف 41 رنز کا ہدف بچا کر 6 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
