چیف جسٹس نے سپریم جوڈیشل کونسل کااجلاس طلب کرلیا

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ججوں کے خلاف زیر التوا شکایات اور دیگر اہم امور کا جائزہ لینے کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق یہ اجلاس 12 جولائی کو چیف جسٹس کی زیر صدارت منعقد ہوگا، جس میں ججوں کے خلاف زیر التوا شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران سپریم جوڈیشل کونسل کے مجوزہ نئے قواعد و ضوابط (رولز) پر بھی غور کیا جائے گا، تاکہ ادارے کے کام میں شفافیت اور مؤثریت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ججوں کے خلاف شکایات کی نوعیت، شواہد، اور ان پر ممکنہ کارروائی کے امکانات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
