چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا سہیل آفریدی کیساتھ ملاقات سے انکار

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات کرنے سے معذرت کر دی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی رات بھر اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرنے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے، تاہم ان کی چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سے ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔
ملاقات نہ ہونے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، علیمہ خان اور وکلا چیف جسٹس کے سیکرٹری آفس سے واپس چلے گئے۔
اس موقع پر سہیل آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بات نہیں سنی گئی۔ چیف جسٹس کی جانب سے پیغام ملا کہ وہ ملاقات نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ آج نہ قومی اسمبلی اور نہ ہی سینیٹ کا اجلاس چلنے دیں گے، اور آئندہ منگل کو ہائیکورٹ اور اڈیالہ جیل کے باہر دوبارہ جمع ہوں گے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے بھی تصدیق کی کہ چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ سے ملنے سے انکار کیا ہے اور وہ کسی سے ملاقات نہیں کر رہے۔
انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس نے نہ ایڈووکیٹ جنرل اور نہ کسی وکیل سے ملاقات کی ہے۔
