وزیراعلیٰ گنڈاپور نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری عدالت میں چیلنج کر دی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری کے اقدام کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاق، رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ، گورنر، الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپیکر صوبائی اسمبلی نے ارکان سے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو کورم کی نشان دہی پر سپیکر نے اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کیا، ایسے میں گورنر ہاؤس میں ارکان سے حلف لینا ماورائے آئین ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 65 ارکان اسمبلی سے حلف اسمبلی ہاؤس میں لینے کا کہتا ہے، آرٹیکل 255(2) میں impracticality (ناقابل عمل/ناممکن) لفظ لکھا ہے۔

درخواست کےمطابق چیف جسٹس کے پاس آرٹیکل 255(2) کے تحت جوڈیشل اختیارات ہیں، انتظامی طور پر وہ اس کو نہیں دیکھ سکتے، وزیر اعلیٰ، سپیکر صوبائی اسمبلی انکار کریں تو پھر چیف جسٹس کسی کو نامزد کرے گا،ہمیں سننے کا موقع نہیں دیا گیا، چیف جسٹس نے گورنر کو حلف کےلیے نامزد کردیا۔

سپیکر خیبرپختونخوا کا چیف جسٹس پاکستان کو خط، مخصوص نشستوں پر حلف برداری کو غیر آئینی قرار دے دیا

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر اسمبلی اجلاس طلب کیا تھا۔

Back to top button