وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لاہور پہنچ گئے

 

 

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنے قافلے کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے، لاہور پہنچنے سے قبل راستے میں پنجاب حکومت کی جانب سے انہیں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا،پنجاب پولیس نے ان کی آمد پر موٹروے پر چکری ریسٹ ایریا سیل کر دیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لاہور کے دو روزہ دورے پر پشاور سے لاہور پہنچ گئے، ان کے ہمراہ معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان اور صوبائی وزیر مینا خان بھی ہیں، وزیراعلی سہیل آفریدی لبرٹی چوک لاہور میں کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔

قبل ازیں موٹروے پر پنجاب پولیس نے چکری کے مقام پر قیام و طعام کےلیے مختص ایریا کو سیل کر دیا۔ اس پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہاکہ پنجاب حکومت اس قدر خوفزدہ ہےکہ قیام و طعام کا ایریا بھی بند کردیا،ہم شروع دن سے کہتے آرہے ہیں کہ یہ لوگ عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں،قیام و طعام کے مقامات سیل کرنا خوف کی واضح علامت ہے،عوامی نمائندوں کا راستہ روکنا دراصل عوام کی آواز دبانے کی ناکام کوشش ہے،جنہیں عوام کا سامنا کرنے کا حوصلہ نہ ہو وہی سڑکیں اور سہولتیں بند کرتےہیں،اقتدار کےسہارے عوامی حقوق سلب کرنا جمہوریت نہیں کھلی آمریت ہے،عوام جان چکےہیں کہ خوف زدہ حکمران بند دروازوں کے پیچھے فیصلے کرتےہیں۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آج پنجاب اسمبلی پہنچیں گےجہاں وہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کا لبرٹی چوک سمیت دیگر مقامات پر جانے کا بھی امکان ہے،وزیراعلی سہیل آفریدی لاہور ہائی کورٹ بار میں وکلاء سے خطاب بھی کریں گے،وہ چوہدری پرویز الہٰی،میاں محمود الرشید،حماد اظہر،اعجاز چوہدری کے گھروں کا دورہ کریں گے،سینئر صحافیوں،اینکر پرسنز سے بھی ملاقات کریں گے اور اتوار کو واپس روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو پنجاب اسمبلی میں داخلے کی اجازت مل گئی،سکیورٹی بھی فراہم کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیر اعلی سہیل آفریدی اور ان کے وفد کے داخلے کی باضابطہ منظوری دی،سہیل آفریدی کے ہمراہ صوبائی وزرا، کابینہ ارکان،سینیٹرز،ایم این ایز اور اراکین اسمبلی ہیں۔ان کے وفد کی مکمل فہرست اسمبلی سکیورٹی کو فراہم کر دی گئی۔

 

 

 

 

 

Back to top button