چین :ٹرین نے ٹریک پر کام کرنے والے ورکرز کو روند ڈالا، 11 افراد ہلاک

چین میں تیز رفتار ٹرین ٹریک پر کام میں مصروف ریلوے کارکنوں پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
عالمی خبر ایجنسی کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ صوبہ یونان میں اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹرین نے کام کرنے والے ریلوے عملے کو ٹکر مار دی، جس میں 11 ملازمین موقع پر جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔
چینی حکام کے مطابق مذکورہ ٹرین ایک آزمائشی سروس تھی، جسے زلزلہ پیما آلات کی کارکردگی چیک کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔ ٹرین ایک موڑ پر پہنچ کر ٹریک پر موجود کارکنوں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔
حکام نے بتایا کہ زخمی دونوں ورکرز کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ریلوے لائن کو کلیئر کرکے ٹرین سروس بحال کردی گئی ہے۔ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
