وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، پاکستان کی خودمختاری کی حمایت کا اعادہ

وزیر اعظم شہبازشریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی اور پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کےلیے چین کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی،اس موقع پر وزیر اعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرپا تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو سراہا،جس کی خصوصیات گہرا باہمی اعتماد،مضبوط دوستی اور مشترکہ مفادات پر عزم شامل ہیں۔
وزیر اعظم پاکستان نے چینی صدر شی جن پنگ،وزیراعظم لی کیانگ،چینی قیادت اور عوام کو نئے چینی سال کے موقع پر گرم جوشی کے پیغامات اور نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔
شہباز شریف نے اقتصادی، سکیورٹی اور ترقیاتی شعبوں میں چین کی مستقل اور مضبوط حمایت کو سراہا،خاص طور پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے اہم منصوبے سی پیک کو نمایاں کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سی پیک منصوبوں کی تیزرفتاری کی اہمیت اجاگر کرتےہوئے زرعی شعبے، آئی ٹی،کان کنی اور معدنیات میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان میں چینی اہلکاروں،سرمایہ کاری اور اداروں کےلیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کو بھی دہرایا۔
افغانستان کی غیر قانونی حکومت دہشت گردوں کی پشت پناہ ہے: عطا اللّٰہ تارڑ
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیر اعظم کو پاکستان اور چین کے تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور چینی قیادت کی طرف سے نیک خواہشات پہنچائیں۔انہوں نے پاکستان کی خود مختاری،علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کےلیے چین کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
